اسلام آباد:نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کی تحریک آزادی کو نہیں روک سکتی۔
یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام پر ظلم کی تاریخ دہائیوں پر محیط ہے، ہندوستان نے 27 اکتوبر1947 کو مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ جبر بڑھنے کے باوجود کشمیریوں میں آزادی کی تڑپ بڑھی ہے، جیسے جیسے ظلم بڑھے گا اسی طرح سے آزادی کا جذبہ فروغ پائے گا، آزادی کے اس جذبے کو کوئی طاقت دبا نہیں سکتی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی شدید خلاف ورزی کی ہے، بھارت نے کشمیریوں کے متعلق قراردادوں کی خلاف ورزی سے اپنے آئین سے بھی روگردانی کی، دنیا کی کوئی طاقت آزادی کی تحریک کو نہیں روک سکتی، دنیا میں انصاف ہوگا تو امن ہو گا۔