نیویارک: امریکی وزیر خارجہ کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرنے والے مظاہرین نے شٹ اپ کال دیتے ہوئے کہا کہ ‘‘غزہ کے بچوں کو بچاؤ’’۔
خبر رساں اداروں کے مطابق کانگریس اجلاس کے بعد امریکی وزیرخارجہ کو شرمندگی اٹھانی پڑی جب وہ بریفنگ دینے آئے تو اسرائیلی حملوں پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرنے والے مظاہرین کی بڑی تعداد نے انہیں بات کرنے سے روک دیا۔
احتجاج کرنے والے افراد نے فلسطین پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں شہید ہونے والے خواتین و بچوں سے اظہار یکجہتی کرنے کے لیے علامت کے طور پر اپنے ہاتھوں پر سرخ رنگ لگا رکھا تھا۔ احتجاج کے شرکا ‘‘غزہ کے بچوں کو بچاؤ’’ اور جنگ بندی کے نعرے لگا رہے تھے۔
بریفنگ دیتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونیو بلنکن نے 26 دنوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بتائی تو ایک شخص کھڑا ہوا، جس نے ہال میں موجود افراد کے سامنے غزہ کے بچوں کو بچانے اور اسرائیلی حملے بند کروانے کے مطالبے پر مبنی نعرے لگائے۔ ایک اور شہری نے امریکی وزیر خارجہ کو اسرائیلی حمایت پر شرم دلانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ جنیوا کنونشن آبادیوں پر حملوں اور بم باری کی ممانعت کرتا ہے۔
ہال میں موجود افراد نے کہا کہ نسل کشی کرنے والے اسرائیل کی حمایت بند کرو، غزہ کے بچوں کو بچاؤ۔