ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

اسرائیل ریاستی دہشتگرد، فلسطینی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، مولانافضل الرحمان

کراچی: جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ریاستی دہشت گرد اسرائیل ہے، فلسطینی مجاہدین آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے طوفان اقصیٰ سندھ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارہ روزہ کامیاب امن مارچ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس اجتماع سے ہم نے دنیا کو امن کا پیغام دیا ہے، ہم حماس کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں، ہم کل بھی جہاد کے ساتھ تھے اور آج بھی جہاد کے ساتھ ہیں، ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

امیر جے یو آئی (ف)کا کہنا تھاکہ امریکا، یورپ، اسرائیل کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے ہیں، اسلامی دنیا کیوں بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے، روس، چین اور اسلامی برادری کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج آزادی کی جنگ لڑنے والوں کو دہشت گرد کہا جاتا ہے، ہم نے برصغیر سے انگریزوں کو بھگایا، افغانستان کے لوگوں کو بھی دہشت گرد کہا گیا، ہم نے افغانیوں کو مجاہد کہا، لوگ امریکا کو عالمی طاقت سمجھتے ہیں، امریکا کا افغانستان میں شکست کے بعد عالمی طاقت کا ٹائٹل ختم ہوگیا۔

ان کا کہنا تھاکہ اب تو الیکشن کا اعلان ہوگیا اب ہم بھی میدان میں ہوں گے، پاکستان کے اداروں کو استعمال کرتے ہوئے جے یو آئی کا راستہ روکا گیا، 2018ء کے جعلی انتخابات کے جعلی نتائج آئے تھے، ہم 2018ء سے اسرائیلی ایجنٹ کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، معذرت خوانہ سیاست کا دور اب ختم ہوچکا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ یاد رکھو ہم ڈنکے کی چوٹ پراپنا مؤقف پیش کریں گے، ہم سیاسی ومعاشی طور پر ملک کو آزاد دیکھنا چاہتے ہیں، ہم اداروں کو بین الاقوامی دباؤ سے آزاد کرانا چاہتے ہیں، ہم امریکا کو بتا دینا چاہتے ہیں آپ کی مرضی سے اقتدارمیں نہیں آنا چاہتے، ہمیں پتا ہے پاکستان میں کون کون اقتدار کے لئے پاؤں لمبے کرکے بیٹھا ہوا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں