اسلام آباد: نگراں حکومت نے بیورو کریٹس کی مراعات اور تنخواہوں میں اچانک بڑا اضافہ کردیا۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نگراں حکومت نے مینجمنٹ پوزیشن (ایم پی) کے حامل بیورو کریٹس کی مراعات اور تنخواہیں بڑھا دی ہیں۔ وزارت خزانہ کی جانب سے اس حوالے سے جاری نوٹس کے مطابق اسکیل ایم پی 1، 2 اور 3 کے لیے مراعات اور تنخواہیں 45 فی صد بڑھائی گئی ہیں اور یہ اضافہ یکم اکتوبر سے نافذ العمل ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسکیل ایم پی 1 کیلیے کم ازکم تنخواہ 5 لاکھ 54 ہزار 600 اور زیادہ سے زیادہ 6 لاکھ 99 ہزار 250 روپے تھی جو اب کم از کم تنخواہ 8 لاکھ 4180 روپے اور زیادہ سے زیادہ 11 لاکھ3 ہزار 920 روپے کر دی گئی۔
اسکیل ایم پی 1 کیلیے ٹرانسپورٹ مونٹائزیشن 95 ہزار 910 روپے رہے گا۔ ایم پی 2کے لیےکم از کم تنخواہ 2 لاکھ 55 ہزار750 اور زیادہ سے زیادہ 4لاکھ 13 ہزار 600 روپے تھی جو اب کم از کم تنخواہ 3 لاکھ 70 ہزار 850 روپے اور زیادہ سے زیادہ 5 لاکھ99 ہزار 740 روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح اسکیل ایم پی 3 کیلیے کم از کم تنخواہ ایک لاکھ 65 ہزار 855 روپے اور زیادہ سے زیادہ تنخواہ دو لاکھ 33 ہزار 750 روپے تھی جو اب کم سے کم 2 لاکھ 40 ہزار 460 روپے اور زیادہ سے زیادہ 3 لاکھ 38 ہزار 960 روپے ہو گئی ہے جب کہ اسکیل ایم پی 3 کا مونٹائزیشن الاؤنس 65 ہزار 60 روپے ہو گا۔