راولپنڈی: خیبرپختونخوا میں خودکش بمبار سمیت 2 دہشت گرد ہلاک، 2 زخمی ہوئے، جبکہ3 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے روڑی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا، جب کہ دو دہشت گرد زخمی ہوئے، ہلاک دہشت گرد کی شناخت ٹی ٹی پی کے خودکش بمبار اسامہ کے نام سے ہوئی ہے، جو علاقے میں دہشت گردی کے بڑے واقعہ کی منصوبہ بندی کر رہا تھا
ضلع لکی مروت میں کی گئی دوسری کارروائی میں ایک دہشت گرد مارا گیا، فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران گوجرانوالہ کے 37 سالہ نائیک ظفر اقبال اور غذر کے 30 سالہ سپاہی حاجی جان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں ایک دیسی ساختہ بم پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں میرپور خاص کے 39 سالہ حوالدار شاہد اقبال شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود ممکنہ دہشت گرد کو ختم کرنے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشنز کئے گئے،سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔