مقبوضہ بیت المقدس: صہیونی ریاست کی جانب سے فلسطینی علاقوں خصوصاً غزہ پر مسلسل وحشیانہ بم باری بھی فلسطینی بہادر بچوں کے حوصلے پست کرنے میں ناکام رہی۔
خبر رساں اداروں کے مطابق غزہ پر صہیونی ریاست کی جانب سے ایک ماہ سے مسلسل حملے اور بم باری جاری ہے، اس دوران قابض اسرائیلی فوج نے اسپتال، عبادت گاہوں، تعلیمی اداروں، یہاں تک کہ ایمبولینسوں کو بھی بارود سے نشانہ بنا کر فلسطینیوں کی کھلم کھلا نسل کشی کی اور عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر کر دکھ دیں۔
اسرائیل کی جانب سے نشانہ بنائے جانے والے اسپتالوں، تعلیمی اداروں اور ایسے ہی دیگر مقامات پر صہیونی فوج کی بم باری سے بے گھر ہونے والے فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے جب کہ مسلسل بمباری کے نتیجے میں فلسطینی شہدا کی تعداد 9 ہزار تجاوز کر چکی ہے جن میں سے زیادہ تر تعداد بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے جب کہ لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق ایندھن ختم ہونے سے اسپتالوں اور دیگر طبی مراکز پر علاج معالجہ نہیں ہو پا رہا۔ اسی طرح امداد کی بندش کے علاوہ بجلی، پانی گیس سمیت دیگر بنیادی اشیا اور مواصلاتی ذرائع بند ہونے سے پہلے سے محصور پٹی کا دنیا سے رابطہ منقطع کردیا گیا ہے۔
“We promise Allah, we will never leave.”
Hundreds of displaced Palestinian children in #Gaza sing a famous patriotic song affirming their right to stay in their homeland regardless of the Israeli atrocities being perpetrated against them. pic.twitter.com/BiWDGt4DA8
— Quds News Network (@QudsNen) November 4, 2023
درج بالا قیامت برپا کیے جانے کے باوجود بھی غزہ کے بچے بلند حوصلے کے ساتھ اپنی سرزمین چھوڑ کر جانے پر تیار نہیں۔ سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فلسطینی بچے ایک مشہور انقلابی ترانہ گا رہے ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ اللہ سے اس بات کا وعدہ ہے کہ ہم نہیں چھوڑیں گے۔ اللہ سے اس بات کا بھی وعدہ ہے کہ ہم بھوک سے مر جائیں گے لیکن ذلت کا راستہ نہیں اپنائیں گے۔
عرب ذرائع ابلاغ میں بتایا گیا ہے کہ فلسطین کے بہادر بچوں کی یہ وڈیو خان یونس کے علاقے میں ایک اسکول میں بنے عارضی پناہ گزیں کیمپ کی ہے، جہاں صہیونی فوج کی بم باری میں بے گھر ہونے والے فلسطینی خاندان بچوں سمیت موجود ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فلسطینی بچے زمین سے محبت کے نغمے گنگنا رہے ہیں۔