واشنگٹن : امریکا نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پٹی پر نئے طویل مدتی قبضے کی مخالفت کردی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا غزہ سے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کی حمایت نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا نقطہ نظر یہ ہے کہ فلسطینیوں کو ان فیصلوں میں سب سے آگے ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ فلسطینی سرزمین ہے اور یہ فلسطینی سرزمین رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا غزہ پر دوبارہ قبضے کی حمایت نہیں کرتا۔اس سے پہلے اسرائیلی وزیراعظم نے کہا تھا کہ حماس کے ساتھ جنگ کے بعد اسرائیل غیر معینہ مدت کے لیے غزہ پٹی کی سلامتی کی مجموعی ذمے داری سنبھالے گا۔