راولپنڈی: صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاہے کہ الخدمت پاکستانی عوام کے تعاون سے فلسطینیوں کی ہرممکن مدد کررہی ہے۔
اقبال ڈے پر الخدمت فاؤنڈیشن شمالی پنجاب کے زیر اہتمام ایوب پارک کرکٹ اسٹیڈیم مین اور فن بچوں کے لیے منعقدہ شاہین اسپورٹس لیگ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ میں 22لاکھ افراد محصورہیں، جنہیں غذا،سائبان،لباس،میڈیکل سہولیات میسرنہیں ہیں ہر روز136فلسطینی بچے غزہ میں شہید ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھلے آسمان کے نیچے موجود ان بچوں اور ماؤں، بہنوں،بیٹیوں پر آسمان سے بموں او ربارود کی بارش ہوتی ہے۔ 4500 معصوم بچوں اور 3ہزارماؤں سمیت11ہزارافراد شہید ہوچکے ہیں۔ 27ہزار زخمی بچے،خواتین اور بوڑھے جن کے پاس علاج کی کوئی سہولت نہیں۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ الخدمت،پاکستانی عوام کے مالی تعاون کی وجہ سے ان تک امدادی سامان اور میڈیکل کی سہولیات پہنچانے کے لیے کوششیں کررہی ہے۔
اختتامی تقریب میں صوبائی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی اقبال خان،ریجنل صدرالخدمت رضوان احمد،سینٹرل میڈیاریلیشنز آفیسرانعام الحق اعوان،نمیرحسن مدنی، 13اضلاع سے الخدمت ذمے داران اور 300 یتیم بچوں نے شرکت کی۔
اقبال کے شاہینوں باہمت یتیم بچوں نے اس موقع پر کرکٹ،فٹ بال،رسہ کشی،ریس،تقاریر سمیت دیگرمقابلوں میں حصہ لیا، جس کے بعد پوزیشن ہولڈرزمیں انعامات تقسیم کیے گئے۔
ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاکہ یہ ایونٹ ہم غزہ میں محصور فلسطینی بچوں کے نام کرتے ہیں، اسرائیلی پروڈکٹس خریدنے کا مطلب فلسطینی بچے کے لیے گولی کی قیمت اداکرناہے۔ بچے بھی پاکٹ منی فلسطین فنڈمیں دے کراپنے ان چھوٹے بھائیوں کے لیے امداد کا ذریعہ بنیں، خواہ ان کی امداد ایک روٹی کے برابرہو۔
قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہا کہ غزہ میں الخدمت پہلے دن سے امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے ۔ ایک ارب سے زائد رقم متاثرین غزہ کے لیے مختص کرچکے ہیں۔ ایک جہاز کا امدادی سامان مصرپہنچ چکا ہے، ایسے ہی 5طیاروں کا مزیدامدادی سامان الخدمت فاؤنڈیشن فراہم کرنے کی پوزیشن میں ہے جن میں غذائی اجناس،میڈیسن ودیگرامدادی سامان شامل ہے۔
انہوں نے کہاکہ الخدمت کے نائب صدرمحمدعبدالشکور مصرمیں حکومتی حکام اور فلاحی انٹرنیشنل اداروں سے مسلسل میٹنگزجاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ امدادی سامان فی الفور غزہ کے متاثرین تک پہنچایاجاسکے۔ الخدمت کے ساتھ رجسٹرڈ 2245ڈاکٹرزاور پیرامیڈیکل فوری طور پرغزہ پہنچ کرزخمیوں اور مریضوں کاعلاج شروع کرنا چاہتے ہیں جونہی راستہ ملے گا الخدمت میڈیکل ٹیم کوغزہ کے لیے روانہ کردے گی۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمن کا کہنا تھا کہ ہماری یہ بھی کوشش ہے کہ جب تک غزہ میں ڈاکٹرزکی انٹری ممکن نہ ہوغزہ کے نزدیک مصرمیں فیلڈہاسپٹل قائم کرکے زخمیوں اور مریضوں کا علاج شروع کردیا جائے اس حوالے سے بھی ہماری ورکنگ جاری ہے۔