بیت المقدس : صہیونی فوجیوں کی 33 دنوں میں غزہ پر بمباری سے کم از کم 10 ہزار 7 سو 69فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے 214 فلسطینی مزید شہید ہوئے، جس کے بعد شہید ہونے والے بچوں کی تعداد4 ہزار7سو 27 ہوگئی ہے،
شہید ہونے والی فلسطینی خواتین کی تعداد2 ہزار 7سو17ہوگئی ہے جبکہ6سو 31 معمر افراد شہید ہوئے ہیں۔
صہیونی فوجیوں کی مسلسل بمباری سے 7 اکتوبر کے بعد اب تک زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 27 ہزار ہوگئی ہے، اس عرصے میں صہیونی قابض فوج نے1 ہزار71 فلسطینی خاندانوں کو اجتماعی طور پر موت کے گھاٹ اتار دیا۔
اسرائیلی بمباری میں طبی عملے کے 270 کارکن شہید ہوئے جبکہ 70 کے قریب ایمبولینسوں کو تباہ ہوئی ہیں،صحت کے120 مراکز بھی مکمل تباہ کردیے گئے ہیں جن میں 18 اسپتال شامل ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ رپورٹ ہونے والے لاپتا افراد کی تعداد 2ہزار5سو70 ہے جو ممکنہ طور پر ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، ان میں1ہزار3سو50 بچے شامل ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوجیوں کی درندگی 33ویں دن بھی جاری ہے، عالمی اداروں کےرہنما غزہ پر جاری بمباری رکوانے کے لیے عملی اقدامات کرنے کو تیار نہیں ہیں، صرف مذمتی بیانات کی حد تک اسرائیل کو جنگی بندی کرنے کے لیے کہہ رہے ہیں۔