اسلام آباد :پاکستانی ڈاکٹرز کی جانب سے آج10 نومبر کو غزہ میں طبی خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹرز اور طبی کارکنان کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن منایا جا ئے گا۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے مشترکہ طورپر اعلان کیا گیا ہے کہ ملک بھر کے اسپتالوں اور اداروں میں دن 10 تا 11 بجے پروگرامات منعقد ہونگے، جن میں غزہ کے ڈاکٹرز اور طبی کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا جو انتہائی مشکل حالات میں اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر طبی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
پیما کے مرکزی صدر ڈاکٹرز عبدالعزیز میمن نے کہا کہ غزہ میں صحت عامہ کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے۔ اب تک 192 ڈاکٹرز اور طبی عملے کے دیگر افراد شہید ہو چکے ہیں۔ وحشیانہ اسرائیلی بمباری، پانی ایندھن اور ادویات کی شدید کمی کے باعث 18 اسپتال اور 40 پرائمری ہیلتھ کئیر سینٹرز بند ہو چکے ہیں۔