کولکتہ: کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں انگلینڈ سے شکست کے بعد پاکستان کا عالمی ایونٹ میں سفر اختتام کو پہنچا۔
بھارت کے ایڈن گارڈن میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے 44 ویں میچ میں پاکستان کو انگلینڈ سے 93 رنز سے شکست ہوئی۔ قومی ٹیم انگلش ٹیم کی جانب سے دیے گئے 338 رنز کے تعاقب میں 244 رنز بنا کر 44 ویں اوور ہی میں پویلین لوٹ گئی۔
ٹارگٹ کو حاصل کرنے کی دوڑ میں پاکستان کے آغا سلمان 51 رنز بنا کر سرفہرست رہے جب کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 39، محمد رضوان نے 36، حارث رؤف نے 35، سعود شکیل نے 29، شاہین شاہ آفریدی نے 25، شاداب خان نے 4، افتخار احمد نے 3، فخر زمان نے ایک جب کہ عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔محمد وسیم جونیئر 16 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ولی نے 3، عادل راشد، گس ایٹکنسن اور معین علی نے 2، 2 اور کرس ووکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، جس میں اس نے 50 اوورز میں 337 رنز بنائے اور اس کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
انگلینڈ کی ٹیم کے اوپنرز کی جانب سے ابتدا ہی میں 82 رنز کا بہترین آغاز دیا گیا۔ بعد ازاں ڈیوڈ ملان 31 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ جونی بیرسٹو نے 59 رنز بنائے۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں بین اسٹوکس اور جو روٹ نے 132 رنز کی شراکت داری قائم کی، جس میں بین اسٹوکس کے 11 چوکے اور 2 چھکے شامل ہیں۔ انہوں نے 84 رنز اسکور کیے۔
انگلینڈ کے مڈل آرڈر بیٹر جوروٹ نے 60 رنز بنائے اور پویلین لوٹ گئے۔انگلش کپتان جوز بٹلر 27، ہیری بروک 30، معین علی 8، ڈیوڈ ولی 15 اور گس ایٹکنسن 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم جونیئر نے 2، 2 جب کہ افتخار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔