ریاض: فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ ہزاروں بچوں کا قتل تکلیف دہ ہے، مگر عالمی برادری کی بے حسی زیادہ افسوس ناک ہے۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں عرب لیگ اور او آئی سی کے مشترکہ سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی صدر نے کہا کہ اسرائیل اپنی فوج پر غرور کرتا ہے کہ وہ فلسطین اور فلسطینیوں کا خاتمہ کردے گا، تاہم فلسطینی عوام نے اسرائیل کی بدترین دہشت گردی کا انتہائی بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا ہے اور کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی بم باری اور حملوں میں ہزاروں بے گناہ بچوں کا قتل بہت تکلیف دہ ہے، مگر اس پر عالمی برادری کی بے حسی زیادہ افسوس ناک ہے۔اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے ہزاروں فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں، میرا دل ہزاروں معصوم بچوں کے قتل عام پر بے حد افسردہ ہے۔
صدر محمود عباس نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے، اسرائیلی کی افواج کو جنگی جرائم کی عدالت میں لایا جائے۔