مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیل کے سابق وزیرِ اعظم ایہود بارک نے اعتراف کیا ہے کہ غزہ میں اسپتالوں کے نیچے خندقیں اسرائیلی فوج نے بنائے تھے، یہ خندقیں کئی دہائیوں پہلے بنائی تھیں۔
ایہود بارک نے کہا کہ خندقیں بنانے کی وجہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی نگرانی کرنا تھی، خندقیں اسرائیلی فوج نے ہی بنائی تھی جنہیں اب حماس استعمال کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے الشفا اسپتال یہ کہہ کر تباہ کردیا کہ اسپتال کے نیچے حماس کا کنٹرول روم قائم ہے،جس کے بعد صہیونی فوجیوں نے مسلسل بمباری کرکے اسپتال میں موجود مریضوں کو شہید کردیا، اسرائیل کی جانب سے اسپتالوں کے نیچے حماس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی موجودگی کے اب تک کوئی ثبوت پیش نہیں کیے گئے۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 13 ہزار 700 ہو گئی ہے، شہدا میں 5 ہزار 670 بچے اور 3 ہزار 557 خواتین بھی شامل ہیں، اسرائیلی حملوں میں زخمیوں کی تعداد 31 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ غزہ پٹی کے 15 لاکھ شہری بے گھر اور نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔