لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ موجودہ اسٹبلیشمنٹ سے ہمارے اچھے تعلقات ہیں، اب ہمارا راستہ نہیں روکا جارہاہے، چیئرمین تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان اداروں سے لڑائی کا نتیجہ بھگتیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ کےرہنما نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ دیا تھا، جس پر ہم نے احتجا ج کیا تھا، نہیں معلوم کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی سے متعلق کیا فیصلہ کرتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن جو بھی فیصلہ کرے گا ، سیاسی پارٹی کو وہ قبول کرنا ہوگا، بلاول اقتدار میں آنے کے لیے سیاسی بیانات دے رہے ہیں، پنجاب سے ہم کلین سوئپ کریں گے، جس کے بعد وفاق میں ہماری حکومت کنفرم ہے۔