مقبوضہ بیت المقدس: صہیونی ریاست کی دہشت گردی میں شہید ہونے والے 111 فلسطینیوں کی اجتماعی تدفین کردی گئی۔
خبر رساں اداروں کے مطابق اجتماعی نماز جنازہ اور بعد ازاں اجتماعی قبر میں تدفین محصور پٹی کے علاقے خان یونس میں کی گئی۔ شہید ہونے والے ان فلسطینیوں کی لاشیں اسرائیلی فوج نے حملوں کے دوران اپنے قبضے میں لے رکھی تھیں۔
قابض اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہدا کی لاشیں فلسطینیوں کے حوالے کیں، جس کے بعد انہیں اجتماعی نماز جنازہ کے بعد اجتماعی قبر میں دفن کیا گیا۔
واضح رہے کہ خان یونس میں اسرائیلی جارحیت کے دوران ایک اپارٹمنٹ کو بم باری کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں 10 فلسطینی شہید اور 22 زخمی ہو گئے تھے۔ علاوہ ازیں اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔