ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

الخدمت اور عالمی ادارہ صحت کی ‘‘تمباکو سے پاک معاشرہ’’ مہم شروع

راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے ورلڈہیلتھ آرگنائزیشن کے تعاون سے ‘‘تمباکوسے پاک معاشرہ مہم’’ کا آغاز کردیا، جس کی افتتاحی تقریب الخدمت کمپلیکس لاہور میں منعقد ہوئی۔

پاکستان میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی نمائندہ ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا،الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن،سیکرٹری جنرل سیدوقاص جعفری،چیئرمین الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن پروفیسرڈاکٹرمحمد زاہد لطیف،نائب صدورالخدمت سیداحسان اللہ وقاص،محمدمشتاق مانگٹ،جنرل سیکرٹری الخدمت ہیلتھ ڈاکٹرعثمان ظفرسمیت دیگرذمے داران نے مہم کے آغاز پر عزم کااظہارکیا کہ پاکستانی معاشرے بالخصوص الخدمت سے منسلک اداروں میں تمباکونوشی کے مضراثرات کے بارے میں موثرآگاہی دی جائے گی جس کا مکمل پلان تیارکرلیا گیا ہے۔

شرکا کا کہنا تھا کہ  ہر 6 سیکنڈز میں تمباکو نوشی کے باعث ایک شخص موت کے منہ میں جارہا ہے جب کہ پاکستان میں ہرسال تمباکونوشی کے استعمال کی وجہ سے پیداہونے والی بیماریوں کے باعث سالانہ 2لاکھ افراد مررہے ہیں۔مہم کا مقصد تمباکو کی وجہ سے پیداہونے والی بیماریوں کی روک تھا م ہے۔

ڈاکٹرحفیظ الرحمٰن نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کمیونٹی کی بہترین صحت اورآلودگی سے پاک معاشرہ الخدمت کی ترجیح ہے۔ کمیونٹی کواس مہم کا حصہ بناکر عوام الناس کو تمباکونوشی کے مضراثرات سے آگاہی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے اسٹاف، رضاکاروں اور سفیروں کے لیے ٹریننگ ورکشاپس کا انعقاد کررہے ہیں تاکہ ہمارے اپنے ہرسطح کے دفاتر اورفن آغوش ہومز،اسپتال،تعلیمی اداروں سے منسلک افرادکو آگاہی کے ذریعے تمباکونوشی کے مضراثرات سے بچایاجاسکے۔ہمارے رضاکاراور سفیریونیورسٹیز، کالجز، اسکولز، دفاتر سمیت پبلک مقامات پراس حوالے سے عوام الناس کوآگاہی دیں گے۔ہم تمباکونوشی سے پاک معاشرے کی اس مہم میں میڈیااورسوشل میڈیا کاموثراستعمال بھی کریں گے۔

ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاکہ ہم نمائندہ ڈبلیو ایچ او نمائندہ ڈاکٹر پالیتھا مہیپالاکے شکرگزارہیں کہ وہ پاکستانی کمیونٹی کوتمباکونوشی کے مضراثرات سے بچانے کے لیے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ ان کی تقریب میں موجودگی اس مہم کی اہمیت اور ساکھ میں مزید اضافہ کررہی ہے۔

تقریب کے مہمان خصوصی نمائندہ ڈبلیو ایچ او  ڈاکٹر پالیتھا مہیپالانے اس مو قع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت کی معاشرے کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ورلڈہیلتھ آرگنائزیشن تمباکونوشی کے نقصانات سے معاشرے کوبچانے کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن سے مکمل تعاون اورمددکرے گا۔

پروفیسرڈاکٹرمحمد زاہد لطیف نے کہاکہ معاشرے کوتمباکونوشی سے پاک کرنے کی مہم کے مؤثرنتائج برآمدہوں گے۔ یہ مہم ہیلتھ کے مسائل کوکم کرنے میں مدددے گی اوراس کے دُور رس اثرات ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ الخدمت کے اداروں میں مہم کی کامیابی دیگرکمیونٹی کے لیے رول ماڈل ہوگی جس کی تقلید کی جائے گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں