ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

غزہ جنگ بندی میں مزید توسیع کیلئے کام کررہے ہیں، قطر

دوحہ :قطرنے کہا ہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں مزید توسیع کیلئے کام کررہے ہیں ۔

حماس اور اسرائیل کے درمیان جمعہ سے شروع ہونے والی چار روزہ جنگ بندی میں مزید دو روز کی توسیع کی گئی تھی جو پاکستانی وقت کے مطابق جمعرات کی صبح ختم ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مجموعی طور پر 6 روزہ جنگ بندی میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے اور اس حوالے سے بات چیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر ماجد بن محمد الانصاری نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ قطر ثالثی کے فریم ورک پر سخت محنت اور جدوجہد کے ساتھ کام کررہا ہے تاکہ غزہ میں انسانی امداد کے لیے حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کو مزید 48 گھنٹے تک بڑھایا جائے۔ ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے لیے ہونے والی جنگ بندی میں 20 اسرائیلی رہا کیے جائیں گے جن میں روزانہ کی بنیاد پر 10 اسرائیلی رہا ہوں گے۔

دوسری جانب عرب میڈیا کا بتانا ہیکہ اسرائیل نے جنگ بندی کے دوران رہا کیے جانے والے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے، اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے پہلے 4 روز میں اسرائیل نے 150 فلسطینیوں کو رہا کیا اور 133 کو گرفتار کرلیا۔ اسرائیلی فوج نے جینن کے علاقے کو گھیر کر وہاں سرچ آپریشن کیا اور گھروں میں موجود افراد کو سرنڈر کرنے کا کہا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی غزہ میں جنگ بندی کے پانچویں روز اقوام متحدہ اور ہلال احمر نے شہریوں میں کھانا، ادویات، پانی اور دیگر ضروری انسانی امداد پہنچائی۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ جنوبی غزہ میں بڑے پیمانے پر ریلیف کا سامان فراہم کیا جارہا ہے تاہم غزہ میں دی جانے والی انسانی امداد وہاں کے لوگوں کی ضرورت کے مطابق نہیں ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے بھی غزہ میں تباہ حال صورتحال کے سبب بڑے پیمانے پر بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق علاقے میں ہیضہ، اسکن انفیکشنز اورصفائی ستھرائی سے متعلق بیماریوں کا سامنا رہا ہے جبکہ ابتدائی طور پر ہیپاٹائٹس پھیلنے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق غزہ کے 1.8 ملین لوگوں میں سے 80 فیصد لوگ 7 اکتوبر کے بعد سے بے گھر ہوچکے ہیں۔ غزہ میں عارضی جنگ بندی کے پانچویں روز حماس نے 10 اسرائیلوں اور 2 غیر ملکیوں سمیت 12 یرغمالی رہا کردیئے۔

معاہدے کے تحت حماس کی جانب سے 10 اسرائیلیوں سمیت 12 افراد کو رہا کرنے کے بعد اسرائیل کو بھی 30 فلسطینی قیدی رہا کرنے پڑے، اسرائیلی قید سے رہائی پانے والے فلسطینیوں میں 15 خواتین اور 15 مرد شامل ہیں۔ غزہ میں جاری حماس اسرائیل لڑائی کے دوران عارضی جنگ بندی کے چار دنوں میں اب تک 50 اسرائیلی اور 150 فلسطینی قیدی رہا ہو چکے ہیں۔

غزہ میں اسرائیلی بربریت سے 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کر گئی  جبکہ اسرائیلی بمباری سے تباہ عمارتوں کے ملبے سے مزید 160 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

 

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں