اسلام آباد: قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت 30 نومبر کو جاری کی جائے گی۔
خبر رساں اداروں کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے یکم نومبر سے حلقہ بندیوں پر اعتراضات سننے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا، جو 4 ہفتوں تک جاری رہا، جس کے بعد الیکشن کمیشن اب قومی و صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت 30 نومبر کو جاری کرے گا۔
نئی حلقہ بندیوں پرالیکشن کمیشن کو مجموعی طور پر 1324اعتراضات موصول ہوئے تھے، جن میں سے پنجاب سے 672،سندھ 228،خیبرپختونخوا 293،بلوچستان 124 جب کہ اسلام آباد سے 7 اعتراضات موصول ہوئے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ عام انتخابات کی تاریخ 8 فروری مقرر کی گئی تھی۔ 54 دن کی مناسبت سے کمیشن کی جانب سے 17 دسمبر تک کاغذات نامزدگی وصول کیےجانے کا امکان ہے۔
انتخابی فہرستوں پر بھی کام مکمل ہوچکا ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی فہرسیتیں آئندہ چند روز میں شائع کر دی جائیں گی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے 5 دسمبر تک الیکشن شیڈول جاری کیے جانے کا امکان ہے۔