اسلام آباد: فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلیں سپریم کورٹ نے سماعت کے لیے مقرر کرلیں۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق عدالت عظمیٰ نے سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائلز کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلوں اور جسٹس مظاہر نقوی کی سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کے خلاف دائر درخواستوں کو سماعت کے لیے مقرر کرلیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع رجسٹرار آفس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جسٹس مظاہر علی نقوی کی درخواستوں پر سماعت 15دسمبر کو ہوگی جب کہ سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت 13دسمبر کو ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی عدالتوں سے متعلق انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت لارجر بینچ کرے گا۔
یاد رہے کہ سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے حق میں وفاقی حکومت اور وزارت دفاع نے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کررکھی ہیں۔