غزہ:نہتے فلسطینیوں پراسرائیلی فوجیوں کی جارحیت جاری ہے، گزشتہ 24گھنٹوں میں صہیونی فورسز نے 7حملے کیے، جس کے نتیجے میں 77 شہید اور 107زخمی ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے فلسطین کے معصوم شہریوں پر مسلسل بمباری کرکے مزید 77 فلسطینی شہید کردیے ہیں، اسپتال اور کھانے پینے کی اشیاؤں کے اسٹورز کو نشانہ بنا کرمکمل تباہ کردیا ہے، جس کے بعد غزہ میں غذائی قلت میں اضافہ ہواہے۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے قرار داد منظور کی گئی تھی، جس کے بعد بھی اسرائیل مسلسل فلسطین کے نہتے شہریوں پر بمباری کررہاہے، جس کی وجہ سے غذائی قلت کی سی صورت حال پیدا ہوگئی ہے، خوردونوش کی کمی کے باعث اب تک ہزاروں فلسطینی بچے شہید ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ 7اکتوبر سے جاری اسرائیلی درندگی میں 32 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جن میں ایک بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 77 ہزار 5سو 75 ہے۔
