اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں سے مذاکرات نہیں ہوں گے، ان کی کارروائیوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا، اس دوران وزیر قانون نذیر تارڑ نے عمر ایوب کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں حیران ہوں کہ قانون کہاں سے پڑھایا جا رہا ہے۔ اس طرف سے قانون کی حالت اور پارلیمانی روایات سب کے سامنے ہیں۔
وزیر قانون نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوشکی حملے میں ملوث افراد کو سزا دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت بھی بلوچستان حکومت کی مدد میں پیش پیش ہے اور علاقے میں دہشت گرد تنظیموں کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے پاکستان چار دہائیوں سے دہشت گردی کا نشانہ بنا ہوا ہے۔ جن دہشت گردوں کو ملک سے باہر دھکیل دیا گیا، انہیں ملک واپس لایا گیا، دہشت گردوں کے خلاف حکومت کی زیرو ٹالیرنس پالیسی ہے۔
