لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں مفت ادویات کی فراہمی دوبارہ شروع کرنے جارہے ہیں، اپنے دور حکومت میں صوبے کو صحت کی بہترین سہولیات دیں گے، 2 لاکھ مریضوں کو فری ادویات ان کی دہلیز پر دی جائیں گی۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گھر پر ادویات ڈیلیور کرنے کا پراجیکٹ نواز اور شہباز شریف نے شروع کیا،اس میں ہیپاٹائٹس، دل کے مریض اور ٹی بی کے مریضوں کو دوائیاں گھروں پر ڈیلیور کی جاتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مگر افسوس کہ پچھلے ادوار میں اس سہولت کو بڑھانے کے بجائے اس منصوبے کو ختم کردیا گیا، لوگ مفت ادوایات سے محروم ہوگئے، گھر پر ڈیلیوری خواب و خیال بن گئی تھی، تاہم ہم نے اس کو ری لانچ کیا اور اس کا دائرہ کار پورے پنجاب تک بڑھا دیا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ڈیلیوری کے لئے جانے والے بچوں نے پروٹیکٹو گیئرز پہنے ہوئے ہیں، مجھے خوشی ہوئی ان کو دیکھ کے، میں خود بھی چند گھروں میں ادویات لے کر جائوں گی، دو ماہ کا اسٹاک گھر پر ڈیلیور کیا جائے گا اور دو ماہ بعد مریضوں کا دوبارہ معائنہ ہوگا اور اگر دوائیاں دوبارہ شروع کرنی ہوں گی تو پھر اس کا سٹاک لوگوں تک پہنچایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نواز اور شہباز شریف کی رہنمائی میں چلنے کی کوشش کر رہی ہوں، میں پورے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو شاباش دیتی ہوں اور امید کرتی ہوں کہ 5 سال کے بعد ہم جب پنجاب چھوڑ کر جائیں گے تو یہاں کوئی بھی علاج کی سہولت سے محروم نہیں رہے گا، ہم نے 32 فیلڈ ہسپتالوں کو بھی میدان میں اتار دیا، یہ منی ہسپتال ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم آنے والے دنوں میں 200 کے قریب کلینکس آن وہیلز لانچ کریں گے شہرہ علاقوں میں، ہم لاہور میں پہلا سٹیٹ آف دی آرٹ کینسر بنا رہے ہیں، ایک سال کے اندر اس کا آئوٹ ڈور شروع کر دینا چاہیے، مسلم لیگ (ن)کی حکومت اچھے منصوبے لاتی ہے لیکن اس کے بعد فتنے لے آتے ہیں یہاں پر، ملک آگے جانے کے بجائے کئی دہائی پیچھے چلا جاتا ہے۔
