اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے ملک میں لاکھوں نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کرنے سے انکار کردیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورت کے مطابق پی ٹی اے نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے خط کے جواب میں کہا ہے کہ ملک میں نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کرنا ہمارے نظام کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتا، پی ٹی اے قانونی طور پر نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کا پابند نہیں ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کیہ اتنی بڑی تعداد میں خواتین اور بچے مرد حضرات کے نام پر سمز استعمال کرتے ہیں، پاکستان میں خواتین کے نام پر صرف 27 فیصد سمز ہیں۔ انکم ٹیکس آرڈیننس 2021ء کا اطلاق پی ٹی اے پر نہیں ہوتا، سمز بلاک کرنے سے ڈیجیٹلائزیشن کو نقصان پہنچے گا اور ساتھ ہی ٹیلی کام معیشت بھی متاثر ہوگی۔ سمز بندش سے بیرونی سرمایہ کاری کو دھچکا لگ سکتا ہے، بینکنگ ٹرانزیکشنز، ای کامرس، موبائل اکاؤنٹس استعمال کرنے والے صارفین کے لیے مسائل پیدا ہوں گے۔
خط میں پی ٹی اے نے ایف بی آر کو مشورہ دیا ہے کہ سمز بلاک کرنے کے سوا دیگر قانونی آپشنز پر غور کیا جائے۔
