ایمسٹرڈ: امریکی یونیورسٹیوں میں فلسطینیوں کے حق میں شروع ہونے والے طلبہ کے مظاہرے دنیا بھر کے مختلف ملکوں میں پھیل گئے ہیں۔ اب بیلجیم اور نیدرلینڈز کے طلبہ نے بھی غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج شروع کردیا۔ طلبہ نے احتجاج کے دوران گنٹ اور ایمسٹرڈیم کی یونیورسٹیوں کے کچھ حصوں پر قبضہ کر لیا۔
بیلجیم یونیورسٹی آف گینٹ کے ترجمان نے کہا کہ تقریبا 100 طلبہ یونیورسٹی کے کچھ حصوں پر قابض ہوگئے ہیں۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ احتجاج 8 مئی تک جاری رہے گا۔گنٹ یونیورسٹی نے طلبہ کے احتجاج کی اجازت دینے کی درخواست کو منظور نہیں کیا لیکن یونیورسٹی کے متعدد ملازمین اور پروفیسرز نے احتجاج کی حمایت میں ایک کھلے خط پر دستخط کئے ہیں۔ اس خط میں یونیورسٹی کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات جاری رکھنے کے فیصلے کی مذمت کی گئی ہے۔
یونیورسٹی آف ایمسٹرڈیم کے ترجمان نے بتایا کہ نیدرلینڈز میں طلبہ نے یونیورسٹی کے ایک علاقے پر قبضہ کر لیا اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ اپنی اقتصادی اور تعلیمی شراکت بند کردے۔
