پشاور:تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی 9 ماہ سے بیگناہ جیل میں ہیں، غیر نمائندہ پارٹی حکومت میں ہیں جس سے ملک میں انتشار پھیل رہاہے، وزیراعظم، صدر، وزرائے اعلی کے الیکشن کے حوالے سے اخلاقی جواز ختم ہوگیا، آگے سیاسی اور قانونی جنگ شروع ہونے جا رہی ہے۔
شبلی فراز نے کہاکہ ایسے حالات میں یہاں پر کوئی غیر ملکی سرمایہ کاری نہیں آئے گی، محمد بن سلمان کی تحریک انصاف میں خاص عزت ہے، محمد بن سلمان کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، اس وقت کی حکومت پر کافی سوالات ہیں، ایسی حکومت ہے جو عوام کی نمائندگی نہیں کرتی۔
انہوں نے مزید کہاکہ ایک ارب ڈالر آئی ایم ایف سے لینے کیلئے ہم نے کیا کچھ نہ کیا، گندم اسکینڈل میں ایک ارب ڈالر سے زائد کے گھپلے کی خبریں چل رہی ہیں، توقع کرتے ہیں قانون و آئین اپنا راستہ بنائے گا، عدالتیں ایسے فیصلے دیں جو ملک کیلئے بہتر ہوں۔
