کابل: افغانستان کے شہر فیض آباد میں سڑک کنارے کھڑی موٹرسائیکل میں دھماکے سے طالبان فوج کی گاڑی تباہ ہوگئی،تباہ ہونے والی گاڑی کے نتیجے میں 6 اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب وہاں سے طالبان فوج کی گاڑیوں کا قافلہ گزر رہا تھا، موٹر سائیکل میں بارودی مواد بھرا ہوا تھا جسے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے اڑایا گیا، دھماکا اتنا زور د ار تھا کہ طالبان ملٹری کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
موٹر سائیکل کے دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال میں منتقل کردیا گیا، 2 اہلکاروں کی تعداد نازک بتائی گئی ہے، طالبان نے علاقہ کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
تاحال کسی شدت پسند گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم طالبان کے 2021 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے فوجی قافلوں، امام بارگاہوں اور حکومتی دفاتر پر حملوں میں داعش خراسان ملوث رہی ہے۔
