اسلام آباد:وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں مجھ سمیت کسی بھی پالیسی ساز نے یہ نہیں کہا کہ حکومت نیٹ میٹرنگ ختم کرنے لگی ہے، جن نرخوں پر معاہدہ ہوا ہے انہی نرخوں پر خرید و فروخت کی جائے گی لیکن آئندہ کیا ہو گا اس حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے۔
سینیٹ اجلاس میں پالیسی بیان دیتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ دو چیزیں میں تاریخی طور پر آپ کے سامنے پیش کرنا چاہتا ہوں، 2017 میں مسلم لیگ ن کی حکومت میں جب شاہد خاقان عباسی وزیراعظم تھے تو اس وقت نیٹ میٹرنگ کا آغاز ہوا تھا اور پچھلے 5، 6 سالوں میں اس کی اچھی گروتھ ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اب تک ایک ہزار 500 میگا واٹ کی توانائی کی سرمایہ کاری لوگوں نے خود کی ہے، ملک میں ایک لاکھ 13ہزار سے زائد نیٹ میٹرنگ کے کنکشن ہیں اور پچھلے دو سالوں کے دوران اس میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
