پشاور:کےپی کے اسمبلی میں الیکشن ٹریبونل آرڈیننس کے خلاف قرارداد اکثریتی رائے کے ساتھ منظور کرلی گئی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حکومتی رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام کی جانب سے پیش کی گئی قرار داد میں کہا گیا تھا کہ تحریک انصاف ملکی اداروں کی آزادی اور خودمختاری پر یقین رکھتی ہے۔ فارم 47 حکومت کی جانب سے الیکشن ٹریبونل میں ریٹائرڈ ججز کی تعیناتی کا آرڈیننس عدلیہ کی آزادی پر حملہ ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا تھا کہ آرڈیننس کے ذریعے حکومت اپنی مرضی کے ججز کو تعینات کر کے الیکشن ٹریبونل سے من پسند فیصلے لے گی۔ آرڈیننس کا اجرا انصاف اور جمہوریت کا قتل ہے۔ یہ ایوان کالے قانون کے اس آرڈیننس کو یکسر مسترد کرتے ہیں، وفاق اس آرڈیننس کو فوری طور پر واپس لے۔
یاد رہے کہ حکومت نے ایک روز قبل ہی نیب آرڈیننس اور الیکشن ٹریبونلز آرڈیننس میں ترمیم کی تھی جس کے بعد قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے اس کی منظوری دے کر آرڈیننس جاری کیے تھے۔
