اسلام آباد : مئی کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں 3.24 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کی طرف سے جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق مئی میں مہنگائی کم ہو کر 11.76 فیصد کی شرح پرآگئی، جولائی تا مئی مہنگائی کی اوسط شرح 24.52 فیصد ریکارڈ کی گئی،شہروں میں مہنگائی 2.80 فیصد اوردیہی علاقوں میں 3.89 فیصد کم ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ شہری علاقوں میں ٹماٹر اور پیاز 51 فیصد تک سستے ہوئے۔ گزشتہ ماہ زندہ مرغی 35.28 فیصد، گندم 20.17فیصد سستی ہوئی، آٹا 20.12فیصد، پھل اورسبزیاں8 فیصد تک سستی ہوئیں۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مئی میں آلوکی قیمت میں 14.73فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا،گزشتہ ماہ گوشت 4 فیصد سے زائد اورگھی 1.27 فیصد مہنگا ہوا۔ ٹرانسپورٹ اورطبی سہولتوں میں 3،3، انڈوں کی قیمت میں 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،اپریل کی نسبت مئی میں ڈینٹل سروس 15 فیصد، ڈاکٹر فیس 5 فیصد مہنگی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران مشروبات 24فیصد اور خشک میوے 23 فیصد مہنگے ہوئے،گزشتہ سال کی نسبت دال ماش 22 فیصد جبکہ چینی 19 فیصد مہنگی ہوئی،ایک سال میں خشک دودھ22،مٹھائی 16،دال مسور 15 فیصد مہنگی ہوئی، ایک سال میں بیکری 11،گیس 318،بجلی 59 اور ٹرانسپورٹ 32 فیصد مہنگی ہوئیں۔
