واشنگٹن: امریکا کی جانب سے اپنے ایٹمی ہتھیاروں میں اضافے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکا نے کہا ہے کہ وہ اگلے برسوں کے دوران اپنے جوہری ہتھیاروں میں اضافہ کر سکتا ہے۔ اس حوالے سے وائٹ ہاؤس کے معاون کا کہنا ہے کہ امریکی عوام، اتحادی ممالک اور پارٹنرز کے تحفظ کے لیے مزید ایٹمی اسلحہ کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے اگلے سالوں میں مخالف ملکوں سے بڑھتے خطرات کو پیش نظر امریکا کو اپنے اسٹریٹیجک جوہری ہتھیاروں میں اضافہ کرنا ہوگا۔
وائٹ ہاؤس کے معاون نے اس سلسلے میں مزید بتایا کہ مستقبل میں ہم ایسی صورت حال کا سامنا کر سکتے ہیں جب ہمیں مزید جوہری ہتھیاروں کی ضرورت درپیش ہوگی اور اس حوالے سے صدر نے اس بات کا فیصلہ کرلیا تو اس پر عمل کے لیے ہم پوری طرح تیار ہوں گے۔
عالمی حالات پر نظر رکھنے والے مبصرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکی صدرجو بائیڈن کو غزہ میں جنگ بندی کے لیے پیش کیے گئے روڈ میپ کے اعلان کے کچھ ہی عرصے بعد امریکا کا جوہری ہتھیاروں کو بڑھانے کا اعلان حیران کن اورغیر معمولی ہے۔
واضح رہے کہ روسی صدر ولادیمیرپیوٹن نے بھی حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ اگر روس کی سلامتی کو کسی قسم کا کوئی خطرہ درپیش ہوا تو جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے گریز نہیں کیا جائے گا۔
