چوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے اور اسمگلنگ کیس میں گرفتار معروف سماجی شخصیت صارم برنی کو ایف آئی اے کی جانب سے کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے صارم برنی کو جسمانی ریمانڈ پر دینے کی استدعا کی گئی، تفتیشی افسر نے بتایا کہ صارم برنی سے بچوں سے متعلق تفتیش کرنی ہے، صارم برنی کو جسمانی ریمانڈ پر دیا جائے۔
عدالت نے صارم برنی سے استفسار کیا کہ آپ کے وکیل کہاں ہیں؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ میرے وکیل آرہے ہیں تھوڑا وقت دیا جائے۔
بعدازاں، صارم برنی کی جانب سے وکیل سید آصف علی عدالت میں پیش ہوئے اور استدعا کی کہ صارم برنی کی وکلا ٹیم کو پیش ہونے کے لئے وقت دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شروع میں اطلاعات تھیں کہ صارم برنی کو ملیر کورٹ لے کر جایا جارہا ہے، ہماری وکلا ٹیم ملیر کورٹ چلی گئی تھی اب راستے میں ہے تھوڑی مہلت دی جائے۔
جس پر عدالت نے صارم برنی کی وکلا ٹیم کو پیش ہونے کے لئے 15 منٹ کی مہلت دے دیتے ہوئے سماعت کچھ دیر کے لئے ملتوی کردی۔
