اسلام آباد: وفاقی بجٹ 2024-25ء کی منظوری کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوگیا، جس میں وفاقی وزیر خزانہ نئے مالی سال کا بجٹ پیش کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں نئے مالی سال کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت کی جانب سے کیے گئے اسٹینڈ بائی معاہدے کی تعریف کرنا ضروری ہے، جس کے نتیجے میں ملک کے معاشی استحکام کا راستہ ہموار ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹینڈ بائی معاہدے سے ملک میں جاری غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہوا اور مہنگائی مئی میں کم ہوکر 12فیصد تک آگئی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ مہنگائی کم ہونے کے نتیجے میں اشیائے خور و نوش کی قیمتیں عوام کی پہنچ میں آ گئی ہیں۔ انہوں نے خوش خبری سنائی کہ مالیاتی استحکام کے لیے حکومت کی کاوشیں درست میں ہیں اور اس کے ثمرات توقع کے مطابق حاصل ہو رہے ہیں، جس سے جلد ہی مہنگائی میں مزید کمی آئے گی۔ سرمایہ کار پاکستان میں انویسٹمنٹ کے لیے کئی شعبوں میں مواقع تلاش کررہے ہیں۔
اس موقع پر اپوزیشن ارکان نے قومی اسمبلی میں شور شرابہ کیا جب کہ سنی اتحاد کونسل کے ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر احتجاج کرتے رہے اور حکومت کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔
