نواب شاہ (اسٹاف رپورٹر) کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن سید محمد سجاد حیدر کی زیر صدارت عیدالاضحی کے موقع پر ڈویژن بھر میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے، عید گاہوں و مویشی منڈی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سید محمد سجاد حیدر نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر ڈویژن کے عید گاہوں،امام بارگاہوں، مویشی منڈیوں سمیت تمام شہروں میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے، کمشنر نے لوگل گورنمنٹ کے افسران اور میونسپل کمشنر کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عید کے تینوں روز قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے اور صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ کمشنر نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر شہروں میں صفائی کی صورتحال اور سندھ حکومت کی جانب سے قربانی والے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے جاری ایس او پیز پر سختی سان عملدرآمد کروایا جائے۔ کمشنر نے محکمہ پولیس کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا مویشی منڈیوں سے باہر سڑکوں پر مویشی بیچنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے جبکہ بغیر اجازت کے کھالیں جمع کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔