شہدادپور (نمائندہ جسارت) شہدادپور میں شراب خانے سے خلاف قاعدہ شراب کی فروخت، موبائل سروس کیذریعے اضافی قیمت پر گھروں تک بھی پہنچانے کا سلسلہ جاری، شہدادپور تھانہ اور ایکسائز پولیس سرپرستی کرنے لگی، مین روڈ پر شراب خانہ کی موجودگی کے باعث ٹریفک میں بھی خلل۔ تفصیلات کے مطابق شہدادپور پولیس اور ایکسائز پولیس شہدادپور کی غفلت کے باعث شہدادپور میں شراب کی دکانوں پر مسلمانوں کو کھلے عام شراب کی فروخت ہو رہی ہے جبکہ مقررہ وقت کے بعد موبائل سروس کے ذریعے پورے شہر میں اضافی قیمت کے ساتھ گھروں تک ترسیل کی سہولت بھی دی جانے لگی، جبکہ شراب خانہ مین شاہراہ پر ہونے کی وجہ سے شام سے رات 9بجے تک رش کے باعث ٹریفک میں خلل معمول بن چکا ہے جس کے باعث شہریوں کو سخت اذیت کا سامنا ہے، جبکہ رات 9بجے کے بعد بھی شراب کے شوقینوں کا شراب کی خریداری کا سلسلہ جاری رہتا ہے جو شراب کی خریداری شراب خانے کے بند ہوجانے کے بعد باہر موجود موبائل سروس فراہم کرنے والوں کے ذریعے بھی کرتے ہیں جبکہ موبائل سروس کے جٹیا گوٹھ میں ریلوے پل کے قریب دھڑلے سے شراب فروخت ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔اس حوالے شہر کے مقتدر حلقوں نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ اور سندھ پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر مسلموں کے بجائے مسلمانوں کو شراب کی فروخت کو بند کروانے اور وائن شاپس کے سامنے سے سڑک پر ٹریفک میں روانی کیلیے سختی برتنے کا مطالبہ کیا جائے ہے جبکہ اس کے علاوہ وائن شاپس سے قانون کے تحت صرف غیر مسلموں تک شراب کی رسائی رکھی جائے تاکہ شہر کے ماحول کو خراب ہونے سے بچایا جاسکے۔