انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکیہ کی وزارتِ دفاع نے بتایا ہے کہ ترکیہ اور امریکا نے ایف16 جنگی طیاروں کی فروخت کے معاہدے پر دستخط کردیے۔ واشنگٹن نے کئی ماہ کے مذاکرات کے بعد 23 ارب ڈالر کے معاہدے کی اجازت دی۔ معاہدے پر دستخط پہلے ہو گئے تھے اور دونوں اطراف کے وفود تفصیلات کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔معاہدے کے تحت ترکیہ کو 40 نئے ایف16 طیارے ملیں گے اور اس کے موجودہ بیڑے میں 79 جیٹ طیاروں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے گزشتہ ہفتے ترکی کی جانب سے نئے ایف16 لڑاکا طیاروں کی خریداری میں ایک اہم پیش رفت کا خیرمقدم کیا تھا۔ واضح رہے کہ جب تک ترکیہ کی طرف سے سوئیڈن کی ناٹو رکنیت کی توثیق کی دستاویزات واشنگٹن نہیں پہنچ گئیں، امریکا نے اس سودے کی اجازت نہیں دی۔