شہدادپور(نمائندہ جسارت) حیسکو شہداپور 2 میں غیرقانونی طور پر لائن سپرنٹنڈنٹ کی سیٹ پر براجمان لائن مین نے ٹاؤن کمیٹی جٹیا کے عوام کا جینا دوبھر کردیا، سو فیصد ریکوری کے باوجود 8 گھنٹے کی غیرقانونی لوڈشیڈنگ کو بڑھا کر 12 گھنٹے کردیا مذکورہ لائن میں حیسکو شہید بینظیر آباد اور ٹنڈو آدم ڈویژن میں افسران آنکھ کا تارا بنا ہوا۔مذکورہ لائن مین نے حیسکو شہدادپور 2 میں نئے کنکشن پر 8 سے 10 ہزار روپے کی اضافی رقم لینے کا سلسلہ کھلم کھلا جاری رکھا ہوا ہے۔ نئے صارفین سے نئے کنکشن پر رشوت لینے کے لئے چند منظور نظر لائن مین مقرر کئے گئے ہیں مذکورہ لائن مین کا کہنا ہے کہ یہ رقم میں اکیلا نہیں رکھتا بلکہ افسران بھی اپنا پورا حصہ وصول کرتے ہیں۔ دوسری جانب کہا جاتا ہے کہ جٹیا ٹاؤن کے صارفین کی جانب سے آن لائن شکایت کرنے پر مذکورہ لائن مین نے عوام کو تنگ کرنے کے لئے جٹیا ٹاؤن میں غیرقانونی طور پر لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 8 سے بڑھا کر 12 گھنٹے کردیا ہے۔ ٹائون کمیٹی جٹیا کے عوام نے حیسکو چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ جو غیر قانونی طور پر لائن سپرنٹنڈنٹ کی سیٹ پر براجمان کرپٹ لائن مین کو فوری طور پر معطل کرکے ایف آئی اے سے اس کے اثاثوں کی تحقیقات کرائی جائیں تو کرپشن سے اس کی کروڑوںروپے کی جائداد کا انکشاف ہوگا۔