فلوریڈا : پاکستان کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 سے قومی ٹیم میں اہم تبدیلیوں پر زور دیا ہے ، عماد وسیم قومی ٹیم سے باہر ہوگئے ۔
آئرلینڈ کے خلاف اپنے فائنل میچ سے قبل ایک پریس کانفرنس میں، عماد وسیم نے بھارت سے میچ ہارنے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے قومی ٹیم میں اہم تبدیلیوں کا مطالبہ بھی کر دیا ۔
آل راونڈر نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ قومی ٹیم میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ ایک زبردست تبدیلی ہونی چاہیے تاکہ ہم آگے بڑھ سکیں اور عالمی کرکٹ کے ساتھ اس طرح کھیل سکیں جس طرح اب کرکٹ کھیلی جاتی ہے ۔
پاکستان کی سپر 8 میں آگے بڑھنے کی امیدیں اس وقت دم توڑ گئیں جب امریکا اور آئرلینڈ کا میچ بارش کے باعث ختم ہو گیا تھا ۔
عماد وسیم نے اعتراف کیا کہ انہوں نے بھارت کے خلاف نیویارک کی چیلنجنگ پچ پر منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جدوجہد کی اور ٹیم کے فرسودہ انداز کو بنیادی مسئلے کے طور پر اجاگر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ “میرے خیال میں ورلڈ کپ میں ہماری شکست کی وجہ ہماری ذہنیت تھی۔ ہمیں ناکامی کے خوف کو اپنے ذہن سے نکال کر کچھ نیا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ یہ سب مائنڈ سیٹ کے بارے میں ہے، دوسری ٹیموں نے بھی اپنی سوچ بدل لی ہے، ہم ان کے پیچھے ہیں کیونکہ ہم نے اپنا سوچنے کا انداز نہیں بدلا۔‘‘
عماد وسیم نے کہا کہ پاکستان کو دوسرے نتائج پر انحصار سے بچنے کے لیے اپنے پہلے میچوں میں فتوحات حاصل کرنی چاہیے تھیں۔
“موسم کے اثرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا کہ آپ موسم کو کنٹرول نہیں کر سکتے۔ پچھلے ہفتے سے بارش ہو رہی تھی، اور میں نے اپنی زندگی میں کبھی ایسی بارش نہیں دیکھی، اس لیے آپ گراؤنڈز مین یا آئی سی سی کو مورد الزام نہیں ٹھہرا سکتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں پہلے اپنے میچ جیتنے پر انحصار کرنا تھا کیونکہ اب ہمیں کسی پر الزام دینے کی ضرورت نہیں پچ کی صورتحال کافی پچیدہ تھی اسلیئے اسکو سمجھنا چاہیئے تھا ۔
