اسلام آباد:عید الاضحی اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کیلئے پردیسیوں کی اکثریت آبائی شہروں کو چلی گئی،وفاقی دارالحکومت کی سڑکیں سنسان ہوگئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عید سے قبل وفاقی دارالحکومت سے بڑی تعداد میں سرکاری ملازمین اور دیگر افراد گزشتہ روز ہی اپنے آبائی علاقوں کو لوٹ گئے جس کی وجہ سے بس اڈوں پر بہت رش رہا، ایک اندازے کے مطابق ہر عید پر اسلام آباد سے بڑی تعداد میں افراد عید منانے کے لئے اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔
پردیسیوں کی روانگی کا سلسلہ عید سے قبل ہی شروع ہو جاتا ہے جو بعض صورتوں میں عید کی صبح تک جاری رہتا ہے، سب کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ وہ عید کا خوبصورت تہوار اپنوں کے ساتھ منائیں اور یوں وفاقی دارالحکومت خالی خالی سا نظر آنے لگتا ہے۔
