فلوریڈا: قومی ٹیم کے فاسٹ بالر عباس آفریدی نے کہا ہے کہ ہم ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر مایوس ہیں، میں اگر بھارت کے خلاف ٹیم میں ہوتا تو کچھ کر سکتا تھا۔
آئرلینڈ کے خلاف میچ جیتنے کے بعد مکسڈ زون میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے فاسٹ بالر عباس آفریدی کا کہنا تھا کہ مجھے جب بھی کبھی موقع ملا، میں نے ہمیشہ یہی کوشش کی کہ ٹیم کے لیے اپنی طرف سے 100 فی صد دوں۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ جیسے میگا ایونٹ کے بڑے میچز کھیلنا سب کا خواب ہوتا ہے، تاہم جو بالرز ٹیم میں تھے، وہ مجھ سے بہتر تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ توقع کے مطابق پرفارم نہیں کر سکی، اس ناکامی کا ملبہ کسی پر نہیں ڈال رہا مگر بیٹنگ میں غلطیاں ضرور ہوئی ہیں۔
عباس آفریدی نے کہا کہ آج بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان نے کہا کہ جب کوئی برا بال آئے تو اسے ہٹ کرنا، یہی پلان تھا کہ پارٹنر شپ بنا کر میچ کو قریب سے قریب تر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی بالنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ پر بھی خاطر خواہ توجہ دیتے ہوئے خوب محنت کررہا ہوں، میری خواہش ہے کہ بہ طور آل راؤنڈر ملک و قوم کے لیے اپنی خدمات انجام دوں۔
