میرپورخاص(نمائندہ جسارت) سبزی فروشوں نے مقرر کردہ سرکاری نرخوں کو ہوا میں اڑاتے ہوئے ٹماٹر، پیاز، ادرک، لہسن، سبز مرچ اور دیگر کی قیمتوں میں سو گنا سے بھی زائد اضافہ کر دیا ہے، ضلعی انتظامیہ کے افسران سرکاری چھٹیوں کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیاکی قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر نرخ نامہ جاری کیا جاتا ہے اور دوکانداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ نرخ نامہ کو نمایاں جگہ کیا جائے لیکن عید قرباں سے ایک روز قبل سبزی فروشوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نرخ نامہ کو ہوا میں اڑا دیا ہے اور خریداروں سے من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں ٹماٹر کے سرکاری ریٹ 100 روہے کلو مقرر ہیں جبکہ سبزی فروش 200 روپے کلو فروخت کر رہے ہیں، ادرک کے سرکاری نرخ 620 لیکن مارکیٹ میں 800 روپے کلو میں فروخت کی جا رہی ہے، پیاز سرکاری ریٹ 150 روپے مقرر ہیں جبکہ 300 روپے کلو میں فروخت کی جا رہی ہے، ہری مرچ کے سرکاری نرخ 150 روپے مقرر ہیں لیکن ہری مرچ 400 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے، شملہ مرچ کے سرکاری نرخ 140 روپے مقرر ہیں لیکن فروخت 320 روپے فی کلو میں کی جا رہی ہے اس طرح دیگر سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیا خورونوش کی من مانی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کے افسران سرکاری چھٹیوں کے مزے لوٹ رہے ہیں۔