کراچی(نمائندہ جسارت)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم ہوگئی، 100 انڈیکس 80 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا۔عیدالاضحی کی تعطیلات کے بعد مسلسل دوسرے کاروباری روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔جمعہ کے روز کے ایس ای 100 انڈیکس 1199 پوائنٹس کے اضافے سے 80001 کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔مارکیٹ میں 1200 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس 80 ہزار 6 پوائنٹس پر ٹریڈ کررہا تھا، اس طرح مارکیٹ نے ایک تاریخی سنگ میل عبور کرلیا ہے۔واضح رہے کہ بجٹ2024-25 کے بعد سے اب تک انڈیکس 7 ہزار 200 سے زاید پوائنٹس بڑھ گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ نئے ریکارڈ کی جانب گامزن ہے۔معاشی تجزیہ کاروں نے حکومتی اتحادی جماعتوں کی جانب سے بجٹ منظوری کے لیے گرین سگنل دینے اور نئے طویل مدتی آئی ایم ایف پروگرام کے لیے راہ ہموار ہونے کو سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کی اہم وجہ کہا ہے۔واضح رہے کہ ایک روزقبل بھی بازار حصص میں 100 انڈیکس 78 ہزار پوائنٹس کی ریکارڈ سطح کو عبور کرگیا تھا۔