بدین (نمائندہ جسارت) کنڈا مافیا پرائیویٹ ماشہ خور اور بھتا خوروں کی بدمعاشی اور غنڈہ گردی عروج پر عید خرچی نہ ملنے پر ٹرانسفارمر کو ہی دھماکے سے اُڑا دیا، میٹر اور بجلی کی تار چوری کر لیے، ٹرانسفارمر کی مرمت اور بجلی کی 12 روز بعد بحالی کے ساتھ ہی غیر قانونی کنڈے لگا دیے، بجلی کا اوور لوڈ ٹرانسفارمر کسی وقت دوبارہ خراب ہو جانے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق کنڈا مافیا پرائیویٹ ماشہ خوروں کی بدمعاشی اور غنڈہ گردی عروج پر، عید خرچی نہ ملنے پر ماشہ اور بھتاخور نے عید کے موقع پر کینٹ روڈ بدین پر واقع 50 کے وی کے ٹرانسفارمر کو بجلی کے فیس اور تاروں کو ملا کر ٹرانسفارمر کو ہی دھماکہ سے اڑا دیا، جبکہ بھتہ نہ دینے پر علاقے میں میٹر اور بجلی کی تار چوری کرنے کی شکایت بھی عام ہے ، کینٹ روڈ کے مکینوں اور بجلی صارفین کے مطابق پرائیویٹ کنڈا مافیا کی بدمعاشی اور غیر قانونی اقدام کی وجہ سے عید کے اور سخت ترین گرمی کے موقع پر علاقے میں 12 روز تک بجلی منقطع رہی جس کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ، شہریوں کے مطابق عید سے پانچ روز قبل بھی مذکورہ کنڈا مافیا کے کارندے نے پہلے ٹرانسفارمر خراب کیا پھر اس کی مرمت کے لیے محلے سے 40 ہزار روپے وصول کیے اور 6 روز بعد پھر عید کی خرچی کا مطالبہ کر دیا، عید کی خرچی نہ ملنے پر پرائیویٹ لائن مین نے مین تاروں کو آپس میں ملا کر ٹرانسفارمر کو دھماکے سے ہی اُڑا دیا، بجلی کے صارفین اور شہریوں کی شکایت اور درخواست پر حیسکو حکام نے ٹرانسفارمر کی مرمت کے بعد 12 روز بعد بجلی بحال کی تو کنڈا مافیا کا کرندا ایک بار پھر متحرک اور افعال ہو گیا اور بہت بڑی تعداد میں بجلی کے کنڈے لگا کر بھتہ خوری کا سلسلہ شروع کر دیا، شہریوں کی بجلی چوری اور غیر قانونی کنڈوں کے لگائے جانے کی بار بار کی شکایت پر ایکسین حیسکو کی جانب سے متعدد بار ایس ڈی او حیسکو اور دیگر متعلقہ اہلکاروں کو غیر قانونی کنڈوں اور کنکشن کو منقطع کرنے اور ملوث پرائیویٹ لائن مین کے خلاف قانونی کارروائی کی واضع ہدایت کے باوجود تاحال کوئی کارروائی ممکن نہیں ہو سکی ہے۔ کینٹ روڈ کے بجلی صارفین کے مطابق مذکورہ پچاس کے وی کے ٹرانسفارمر سے کنڈا مافیا کینٹ روڈ سے کڈھن روڈ اور کھوسکی روڈ کی آبادیوں کو غیر قانونی کنکشن دے کر ماہانہ دو لاکھ روپے کا بھتا وصول کرتا ہے شہریوں کے مطابق ٹرانسفارمر پر بجلی کے استعمال کا اوور لوڈ ہونے کے باعث ٹرانسفارمر کسی وقت بھی دھماکے سے پھٹ کر خراب ہو جانے کا خدشہ واضع دکھائی دے رہا ہے۔ بجلی صارفین نے چیف جسٹس آف پاکستان وزیر پانی اور بجلی، چئیرمین واپڈا، سنئیر ممبر واپڈا اور حیسکو چیف حیدرآباد سے بجلی کی چوری میں ملوث کنڈا مافیا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔