
ٹھٹھہ (پ ر) وزیر اعلیٰ سندھ کے صوبائی مشیر برائے محکمہ لائیو اسٹاک و فشریز سید نجمی عالم نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق سندھ کے غریب اور مستحق لوگوں کی معاشی حالت بہتر بنانے کے لیے ہر وقت کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں لاکھوں ایکڑ بنجر زمین کو کارآمد بنانے سمیت غریب لوگوں کی معاشی حالت بہتر بنانے کے لیے فش فارمنگ کے خواہشمند لوگوں کو 30 سالہ لیز پر سرکاری زمین دینے کے لیے تیار ہیں، فش فارمنگ کے لیے لیز پر زمین لینے والوں کو 75 فیصد لاگت حکومت ادا کرے گی جبکہ 25 فیصد خرچہ وہ خود کریں گے، دلچسپی رکھنے والوں کو تربیت اور تکنیکی مدد محکمہ فشریز کی جانب سے فراہم کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فشریز ایکو کلچر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ چلیا کے دورے کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی مشیر سید نجمی عالم نے کہا کہ سندھ بالخصوص کینجھر جو بہت بڑی جھیل ہے اس میں زیادہ سے زیادہ مچھلی کا بیج چھوڑنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ وہاں کے مقامی ماہیگیروں کو روزگار فراہم کرکے ان کی معاشی حالت بہتر بنائی جا سکے۔ صوبائی مشیر کا کہنا تھا کہ ساحلی پٹی اس قدر پوٹینشل رکھتی ہے کہ اسے مثبت طریقے سے استعمال کرکے اربوں ڈالر کمائے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے باعث غذائی قلت کے شکار بچوں کے پیش نظر ہماری کوشش ہے کہ بی آئی ایس پی کی مستحق غریب خواتین کو کم از کم 50 50 مرغیاں فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنے غذائی قلت کے شکار بچوں کو انڈے کھلاکر انہیں صحتمند بنانے کے ساتھ ساتھ اپنی معاشی حالت کو بھی بہتر بنا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جھینگا فارم گاڑھو کو بھی احسن طریقے سے چلانے کی کوشش کی جائے گی، اس کے علاوہ ساحلی علاقوں میں مزید مینگرووز لگانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ قبل ازیں صوبائی مشیر سید نجمی عالم نے فش ہیچری، فشریز ٹریننگ سینٹر، لیبارٹری، بائیو فلوک اور بریڈنگ یونٹس چلیا کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فشریز ڈاکٹر ذوالفقار علی لاڑک نے صوبائی مشیر کو مچھلی کی افزائش سمیت تمام صورتحال کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازیں صوبائی مشیر نے کینجھر جھیل میں مچھلی کا بیج بھی چھوڑا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انلینڈ فشریز حیدرآباد حبیب اللہ ناریجو، ڈائریکٹر فشریز ہیڈکوارٹر ڈاکٹر غلام رسول قمبرانی، ڈائریکٹر فشریز عبداللطیف کورائی، پروجیکٹ ڈائریکٹر بی بی وائی ڈی پی عبدالمجید دھامراہ اور اکوا کلچر و فارمرز ایسوسیئشن پاکستان کے صدر سید دائم شاہ و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ بعد ازاں صوبائی مشیر برائے لائیواسٹاک و فشریز سید نجمی عالم نے پریس کلب ٹھٹھہ پہنچ کر صحافیوں سے ملاقات کرکے دورے کے مقاصد اور دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی اور پریس کلب میں قائم مخدوم معین الدین ڈجیٹل لائبرری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آجکل کے نوجوانوں کو چاہیے کہ موبائل کے رجحان کی طرف مائل ہونے کے بجائے وہ اس قسم کی لائبرری کو اپنی توجہ کا مرکز بناکر اپنی علمی صلاحیتوں میں اضافہ کریں اور تاریخی و دیگر معلوماتی کتابوں کا مطعالہ کرکے مستفید ہوں۔