سرینگر : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں، ضلع کلگام میں دو مختلف واقعات کے دوران مجموعی طور پر 5 کشمیری نوجوان شہید اور 2 فوجی اہلکار مارے گئے۔
کشمیر میڈیا کے مطابق، جنت نظیر وادی کے ضلع کلگام کے گاؤں موڈرگام میں بھارتی فوج، نیم فوجی دستہ سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور مقامی پولیس پر مشتمل چھاپہ مار ٹیم نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں گھر گھر تلاشی لی۔
بھارتی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر سے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک ہوگیا۔ جواب میں، اس گھر کو تباہ کردیا گیا اور ملبے سے ایک مسلح نوجوان کی لاش برآمد ہوئی۔
اسی دوران، کلگام کے علاقے فریسام میں بھارتی فوج نے ایک گھر پر شدید گولہ باری کی، جس سے گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور 4 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے، جبکہ ایک فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوا۔
بھارتی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ اس علاقے میں دو عسکریت پسند اب بھی کہیں چھپے ہوئے ہیں اور ان کی تلاش کے لیے علاقے کا محاصرہ جاری ہے۔
اسی دوران، ضلع راجوری میں بھی بھارتی فوجی کیمپ کے قریب فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس میں ایک فوجی زخمی ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، منجاکوٹ آرمی کیمپ پر رات بھر دہشت گردانہ حملے کی کوشش کی جاتی رہی۔
