کراچی(اسٹاف رپورٹر) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی اور سجاول میں8اور9جولائی کوگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق7سے8جولائی کے دوران تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔سندھ کے بیشتر مقامات پر موسم گرم اورمرطوب رہنے جبکہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں کہیں کہیں بوندا باندی کاامکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جلد سندھ میں مون سون ہوائیں داخل ہونے کا امکان ہے۔اطلاعات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں مون سون کی آمد کے بعد موسم تبدیل ہوگیا، اسلام آباد سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالا، جہلم اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بارش سے جل تھل ہوگیا۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش کے بعد نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر 5 فٹ شگاف پڑگیا اور گوالمنڈی پل پر پانی کا بہاؤ 4 فٹ تک پہنچ گیا، جس کے بعد راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔مری، جہلم، مریدکے، اٹک اور وزیرآباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز بارش کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔گوجرانوالہ کے میڈیکل کالج ٹیچنگ اسپتال کے وارڈ میں بھی بارش کا پانی داخل ہوگیا، اٹک شہر اور گردونواح میں بارش کے باعث کئی فیڈر ٹرپ کرگئے جس سے شہر اندھیرے میں ڈوب گیا۔ لاہور میں شہرکے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، فضا میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے اور گرمی کی شدت 38 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے۔دوسری جانب آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد، سماہنی، میرپور، ڈڈیال، جاتلاں اور منگلا میں آندھی اور جھکڑ کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی، آندھی کے باعث بجلی کے پول اور درخت جڑوں سے اکھڑگئے، جس سے بجلی کا نظام متاثر ہوگیا۔ادھر محکمہ موسمیات نے پشاور میں اربن فلڈنگ اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں سے لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے کل تک موسلادھار بارش سے پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے، جب کہ شمال مشرقی بلوچستان میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔