اسرائیلی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پر حملے کرکے مزید 13 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فورسز نے غزہ شہر کے جنوبی حصوں میں فضائی اور زمینی حملے کیے، جس کے نتیجے میں 3 فلسطینی شہید اور 12 زخمی ہو گئے جبکہ غزہ کے اسپتال میں 6 سالہ بچہ بھوک اور پانی کی کمی کی وجہ سے انتقال کر گیا۔
صیہونی فورسز نے جبالیہ شہر میں حملے کرکے ایک گھر میں خواتین اور بچوں سمیت 10 فلسطینی شہید کردیے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں غذائی قلت سے مرنے والے فلسطینیوں کی کُل تعداد 41 ہو گئی۔
7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 38 ہزار 153 تک پہنچ گئی ہے۔
غزہ وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں کے باعث زخمیوں کی تعداد 87 ہزار 828 سے تجاوز کر گئی ہے۔
