اسلام آباد: ہائی کورٹ میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس میں پیش رفت ہوئی ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات 29 ستمبر کو کرانے کی یقین دہانی کرا دی گئی۔
جسٹس محسن اختر کیانی کے روبرو اسلام آباد ہائی کورٹ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے مطابق الیکشن کمیشن نے 29 ستمبر کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کروانے کی یقین دہانی کرادی۔
دوران سماعت الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ انتخابات کے لیے الیکشن ایکٹ میں ترمیم بھی ضروری ہے، مخصوص نشستوں سے متعلق معاملات بھی کلیئر نہیں ہیں، اگلے دو ہفتوں میں نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا۔
جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ سماعت چھٹیوں کے بعد ہوگی،اگر کوئی مسئلہ ہوتاہے تو سی ایم دائر کردی جائے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن کا کیا اسٹیٹس ہے، جس پر الیکشن کمیشن کی جانب سے بتایا گیا کہ 4 ماہ کا پراسس ہے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن ایکٹ بل پراسس میں ہے، کیبنٹ سے بھی ہوگیا ابھی پارلیمنٹ میں پیش ہونا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نشستوں سے متعلق معاملہ وزیر اعظم کو دوبارہ بھجوایا گیا ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ایم سی آئی تیارہے،وفاقی حکومت کا کیا اسٹیٹس ہے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے پوچھا کہ شیڈول کب دیں گے، جس پر الیکشن کمیشن کی جانب سے بتایا گیا کہ میٹنگ میں ایک ہفتے کا وقت دیا تھا، کل دوبارہ یاددہانی کرائیں گے۔اگست کے پہلے ہفتے میں شیڈول دیں گے۔
بعد ازاں، الیکشن کمیشن کی جانب سے 29 ستمبر کو اسلام آباد بلدیاتی الیکشن کرانے کی یقین دہانی کرادی گئی، کیس کی سماعت 15 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔
