اسلام آباد: نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے بجلی 7 روپے 12 پیسے فی یونٹ تک اضافے کا عندیہ دے دیا، حکومتی درخواست پر سماعت کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑے اضافے کا خدشہ ہے، دوران سماعت پاور ڈویژن حکام نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے200 یونٹ تک والے صارفین کو 3 ماہ کے لیے ریلیف دیا ہے، ملک کے86 فیصد گھریلوصارفین کو ٹیرف میں ریلیف کا فائدہ ہوگا، وفاقی حکومت 3 ماہ کے لیے ٹیرف پر ریلیف کی مد میں 50 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔
نیپرا میں بجلی کی بنیادی قیمت میں اضافے کی درخواست پر سماعت کے دوران پاور ڈویژن کے حکام نے بتایا کہ کے الیکڑک صارفین کو 177ارب اور دیگر تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے صارفین کو313 ارب کی سبسڈی دے رہے ہیں۔
سماعت کے دوران فریقین کے دلائل سننے کے بعد نیپرا نے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 12 پیسے تک اضافے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، نیپرا کی جانب سے فیصلہ بعد میں جاری کیا جائیگا اور اسے وفاقی حکومت کو بھجوائیگا۔
