لاہور(نمائندہ جسارت)تحریک انصاف نے آئی ایس آئی کو فون ٹیپنگ کی اجازت کا نوٹیفکیشن عدالت میں چیلنج کرنے اعلان کر دیا ۔لاہورمیں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہاہے کہ یہ ایس آر او وہ آلہ ہوگا جسے آئی ایس آئی بلاول ، آصف زرداری، مریم نواز سمیت تمام سیاستدانوں اور میڈیا سے وابستہ افراد کو بلیک میل اور مغلوب کرنے کے لیے استعمال کرے گی،ایک فاشسٹ حکومت کی جانب سے ہی کسی انٹیلی جنس ایجنسی کو شہریوں کی فون ٹیپنگ کا مکمل اختیار دیا جاسکتا ہے،فارم 47کے پیدوار وزیراعظم شہباز شریف نے اس فیصلے سے عملی طور پر اپنی شہ رگ کاٹ دی ہے،انہوں نے خود پھانسی کے پھندے پر چڑھ کر پھندا گلے میں ڈالا ہے ،1984 میں ایک کتاب اینیمل فارم لکھی گئی تھی، وہی چیزیں اب ہو رہی ہیں۔عمر ایوب کا کہنا تھاکہ اس غیر قانونی نوٹیفکیشن کو وکیل ڈاکٹر بابر اعوان کے ذریعے عدالت میں چیلنج کروں گا، یہ ایس آر او غیر آئینی اور آئین میں درج بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ فارم 47 والی حکومت کی طرف سے ایس آر او 1005 (I)/2024 نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، اس نوٹیفکیشن میں آئی ایس آئی کو قومی سلامتی کو جواز بناکر کسی بھی شخص کی فون پر گفتگو کو ٹیپ کرنے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔اپوزیشن لیڈر کا یہ بھی کہنا تھاکہ بے بنیاد سیاسی اور جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، یہ سب کچھ بانی پی ٹی آئی عمران خان ، بشریٰ بی بی، شاہ محمود قریشی اور دیگر کو جیل کے اندر رکھنے کے لیے کیا جا رہا ہے، یہ تمام کیس ختم ہونے والے ہیں ،ان کے پاس صرف عدت کیس کا بہانہ ر ہ گیا ہے، یہ سارے لوگ پھر انہی عدالتوں میں گھومتے پھرتے نظر آئیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ بجٹ پاکستانی عوام کے خلاف معاشی دہشت گردی ہے،وزیراعظم شہبازشریف نے خود کہا بجٹ آئی ایم ایف نے بنایا ہے، بجلی کا یونٹ آئندہ کچھ دنوں میں 100روپے سے اوپر جائے گا، ڈالر کی مصنوعی قیمت 275روپے ہے، آئندہ دنوں میں 300 روپے سے اوپر جائے گا۔اس موقع پر رہنما پی ٹی آئی بابر اعوان کا کہنا تھا کہ سارے سیاسی اور جھوٹے مقدمات ہیں اور یہ مقدمات بنانے والے بہت بڑے جھوٹے ہیں، پوری کوشش ہو رہی ہے کہ لوگ مصنوعی طریقے سے مان جائیں کہ ہم نے استحکام پیدا کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ملک معاشی طور پر بحال ہوگیا ہے، بجلی 70روپے فی یونٹ تک چلی گئی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ ان کے خلاف بولی ہے، ان کے خلاف تمام مقدمات کا ٹرائل اوپن کیا جائے، بانی پی ٹی آئی کی ایک وڈیو آتی ہے تو ان کی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں، بابراعوان نے کہا کہ 9مئی کے مقدمات پر ہائی پاور جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، وزیراعظم کہتے ہیں بجٹ میں نے نہیں بنایا، وزیراعظم اندر معتبر لوگوں سے کہتے ہیں مجھ سے کیوں ناراض ہوتے ہیں۔