ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بلدیہ عظمیٰ کراچی کی اسامیوں پر غیر مقامی افسران کا تقرر عام ہوگیا

کراچی ( رپورٹ: محمد انور) پیپلز پارٹی کی حکومت بلدیہ عظمٰی کراچی میں اندرون سندھ سے غیر مقامی افسران کی بڑی کھیپ لانے میں مصروف ہوگئی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مقامی افسران کی اسامیوں پر خلاف ضابطہ غیر مقامی افسران کا تقرر شروع کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم سمیت 17 ایسے افسران کو حال ہی میں بلدیہ عظمٰی کراچی کی مختلف اہم اسامیوں پر تعینات کردیا گیا ہے جو نہ صرف مقامی افسران کیلیے مخصوص تھی بلکہ ان پر کراچی سے تعلق رکھنے والے افسران ہی تعینات کیے جاتے رہیں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ، سینئر ڈائریکٹر ویٹرنری اور سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز کی اہم اسامیوں کو پیپلزپارٹی کے من پسند افسران کے سپرد کردیا گیا۔ ان غیر مقامی افسران کا تقرر میئر کراچی مرتضٰی وہاب کی منظوری سے کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر مقامی تمام افسران کو بلدیہ عظمٰی کراچی کی اسامیوں پر تعینات کرکے یہاں پہلے سے تعینات مقامی افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹادیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت مبینہ طور پر ایک سازش کے تحت بلدیہ کراچی کی تمام اسامیوں پر اپنے غیر مقامی افسران کو تعینات کرنا چاہتی ہے۔ سینئر ڈائریکٹر اسٹیٹ کی اسامی پر بھی ایک غیر مقامی خاتون افسر کا تقرر کیا گیا ہے جبکہ میئر کراچی نے اپنے کوآرڈینٹر کی ذمہ داری بھی ایک غیر مقامی خاتون افسر کے حوالے کر دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آیندہ چند روز میں مزید نصف درجن غیر مقامی افسران کے تقرر کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اب تک 17 ایسے غیر مقامی افسران کو تعینات کردیا گیا ہے جنہیں اردو بولنا اور لکھنا بھی نہیں آتی جبکہ یہ افسران دفتری زبان انگریزی سے بھی ناواقف ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ بلدیہ عظمٰی کی اپوزیشن کی جانب سے نشاندہی کے باوجود ان افسران کے تبادلے منسوخ نہیں کیے جارہے بلکہ کراچی کی اسامیوں پر غیر مقامی افسران کا تقرر جارہی ہے۔ اس سلسلے میں مقامی افسران میں تشویش پائی جاتی ہے اور انہوں نے بلدیہ عظمٰی کی جماعت اسلامی کے حزب اختلاف کے رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ اس معاملے کا نوٹس لیا جائے اور غیر مقامی افسران کی کے ایم سی میں تعیناتی کے عمل کو سختی کے ساتھ روکنے کے لیے مزاحمت کی جائے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں